قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیموکرٹیک موومنٹ کے کامیاب جلسوں سے پی ٹی آئی کی حکومت حواس باختہ ہو چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں پارٹی کی صوبائی ایگزیکٹیوکمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی کابینہ کے عہدیدار،ونگز کے اراکین اور خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کے چیئرمین و جنرل سیکرٹری بھی موجود تھے۔اجلاس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے 22نومبر کو پشاور میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں تفصیلی گفت و شیند ہوئی اورجلسہ میں بڑی تعدادمیں شرکت کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیدیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے جلسہ میں بھر پور شرکت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ 22نومبر کوقومی وطن پارٹی اپنی بھرپورقوت کا مظاہرہ کرے گی۔آفتاب شیرپاؤنے کہا کہ عوام اور پی ڈی ایم ایک پیج پر ہے اور پی ڈی ایم کے اہداف کے حصول کیلئے پر امید ہیں۔انھوں نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد میں پی ڈی ایم کے جلسوں میں شرکت اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عوام حکمرانوں سے اکتا چکے ہیں۔انھوں نے پی ڈی ایم کے حوالے پی ٹی آئی کے وزراء کے بے سر و پا بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے اوسان خطا ہو چکے ہیں اور وہ گھبراہٹ کا شکار ہوکر اپنی ناکامی کا ملبہ دوسروں کے سر تونپ رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پی ڈ ی ایم کے جلسوں کا بنیادی مقصد آئین کی پاسداری،عوام کی ترجمانی اور 2018کے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف جدوجہداور ملک میں دوبارہ نئے الیکشن کرانا ہے۔انھوں نے کہا کہ ملک تاریخی مہنگائی کے شکنجے میں ہے جس کی وجہ سے غربت اور بے روز گاری میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوامیں پی ٹی آئی کی ساڑھے سات سالہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے اور ان سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے اور ان کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے عوام مہنگائی،بے روزگاری اور پسماندگی کی دلدل میں دھنس چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے باوجود وہاں کے مکین تعلیم،صحت،روزگاری اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محرومی کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں موجود گیارہ جماعتوں کی جدوجہد عوامی مسائل کے حل اور ملک میں صحیح جمہوریت کی بحالی تک جاری رہے گی۔