قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی عوام کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کیلئے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی حکومت کی غلط پالیسیوں کی بدولت ان سے متنفر ہو چکے ہیں اور ان کی نظریں قومی وطن پارٹی کی قیادت پر لگی ہوئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوابی میں پارٹی کے ضلعی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں گزشتہ بلدیاتی انتخابات،پارٹی کے تنظیمی صورتحال اور پارٹی کی مزید فعالیت کے حوالے بات چیت ہوئی۔مقررین نے اپنے اپنے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے اندر پارٹی کی تنظیمی کمزوریاں دور کرنے سمیت عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے مزید فعال اور منظم انداز میں کردار ادا کیا جائے گا۔انھوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ہمارے ووٹ بنک میں کمی کی بجائے حوصلہ افزاء اضافہ ہوا ہے اور عوامی سطح پر ہمیں پذیرائی ملی ہے۔سکندر شیرپاؤ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو ایفا کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں شدید مایوسی پائی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ بجلی کے بھاری بھرکم بلوں میں ٹیکسوں کے مزیدبھر مار نے غریب عوام کو چکرا دیا۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے منی بجٹ میں مہنگائی کا طوفان امڈ آئے گا۔انھوں نے کہا کہ حکمرانوں نے بے حسی کی تمام حدیں پار کردی ہیں۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں کا سارا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے اور حکمرانوں کی پالیسیوں سے پتہ چلتا ہے کہ ان کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔انھوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ کئے گئے معاہدوں کو عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تمام پالیسیاں عوام کی بجائے آئی ایم ایف اور دوسرے عالمی مالیاتی اداروں کے تابع ہیں۔انھوں نے کہا کہ غربت، مہنگائی،بے روزگاری اور معاشی عدم استحکام جیسے سنگین بحرانوں نے ملک کو دیوالیہ بنا دیا جبکہ حکمران مزید ٹیکسوں کے ذریعے عوام کے خون پسینے کی کمائی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔انھوں نے ترقیاتی سکیموں اور فیصلہ سازی کے اختیارات تحصیل ناظمین کی بجائے انتظامی آفسران کو دینے کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں بری طرح شکست کھانے کے بعدبوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ اجلاس سے قومی وطن پارٹی ضلع صوابی کے چیئرمین مسعود جبار اور دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔