قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے تبدیلی اور پرفریب انتخابی نعروں کے ذریعے صوبہ کے عوام کو دھوکہ دیا کیونکہ پی ٹی آئی نے آج تک اپنا کیا ہواایک وعدہ بھی ایفا نہیں کیا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلع کوہاٹ کے اہم سیاسی شخصیات اور عوامی نمائندوں سید صدام حسین،کردار حسین، سید آصف شاہ،حارث بخاری،حفیظ خان،محمد حسن اور طیب خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع کوہاٹ کے رہنماء محمود الاسلام ایڈوکیٹ اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ انتخابات میں نوجوانوں کو ایک روشن مستقبل،تبدیلی اور روزگار کے نام پر دھوکہ دیا اور حسب معمول ان کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر یوٹرن لے کر پاؤں تلے روندھ ڈالا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی مہنگائی نے معاشرے کے تمام طبقات کو متاثرکیا ہے اور وہ پی ٹی آئی سے متنفر ہو چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہی کی کاؤشوں کی بدولت قوموں کی تقدیریں بدل جاتی ہے لیکن بد قسمتی سے برسراقتدار جماعت کی بد عہدی کی بدولت نوجوانوں میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نوجوانوں کو یقین دلاتی ہے کہ وہ ان کی بہبود کیلئے عملی اقدامات اٹھاکر ان کے حق کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی۔