قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی ناقص کارکردگی اور وعدہ خلافی کی بدولت عوام کا اعتمادکھو چکی ہے اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست سے دوچار ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گاؤں کتوزئی میں تحصیل شبقدرکے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے امیدوار برائے تحصیل شبقدر شاہد خان کتوزئی اور سابقہ ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر علی خان کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے بہتر معیشت، بلاامتیازاحتساب اور مثالی طرز حکمرانی کے دعوے کئے تھے مگر اقتدار میں آنے کے بعدان کے تمام دعوے غلط اور محض اعلانات اور عوام کو دھوکہ دینے تک محدود رہیں۔انھوں نے کہا کہ اربوں ڈالرقرضے لینے کے باوجود ملک کی معاشی صورتحال روز بروز ابتر ہورہی ہے جس کی وجہ سے مہنگائی میں ناقابل برداشت حد تک اضافہ ہو چکاہے۔انھوں نے کہا کہ غیر ملکی قرضوں کی مخالفت کا نعرہ لگاکر اقتدار کے ایوانوں تک رسائی حاصل کرنے والی پی ٹی آئی کی حکومت نے بڑے پیمانے پرغیر ملکی قرضے لے کر ملک پر مزید قرضوں کا پہاڑ کھڑا کردیا۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران بجلی،گیس،پٹرولیم مصنوعات،ادویات اور دیگر ضرورت کی اشیا کی قیمتوں میں تقریباً دوسو فیصد اضافہ کے باوجودپی ٹی آئی کے مشیر اور وزراء ملک میں جاری مہنگائی کودوسرے ممالک سے کم دکھانے کی کوششیں کر رہے ہیں جو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکھنے کے سوا کچھ نہیں۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے کارکن آئندہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد کرکے پارٹی پیغام گھر گھر پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔