قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ حکومتی ہتھکنڈوں کے باوجود پی ڈی ایم کا پشاور جلسہ تاریخی ہو گا۔انھوں نے کہا کہ 22 نومبر کو قومی وطن پارٹی بھرپور انداز میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کر ے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے شبقدرمیں کیو ڈبلیو پی حلقہPK-59اور PK-60کے الگ الگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پی ڈی ایم کے جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف فیصلے کئے گئے اور پارٹی عہداران کو ذمہ داریاں سونپی گئی۔شرکائے اجلاس نے اس سلسلے میں تجاویزدیتے ہوئے کہا کہ جلسہ میں کارکنوں کی بڑی تعداد شرکت کرکے ثابت کریں گے کہ قومی وطن پارٹی صوبہ کی مضبوط و منظم قوت بن چکی ہے۔سکندر شیرپاؤنے کہا کہ موجودہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے اور ان کی غلط پالیسیوں کی بدولت ملک و قوم کو مشکلات کا سامنا ہے۔انھوں نے کہا کہ عوام کو موجودہ حکومت کی غلط اقدامات اور ناقص حکمت عملی کی وجہ سے ہوشربا مہنگائی اور بے روزگاری نے گیر رکھا ہے اور وہ غربت اور بے روزگاری سے تنگ آکر خودکشوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے جلسوں میں عوام کی کثیر تعداد میں شرکت نے ایک طرف حکومت پر لرزہ طاری کردیا ہے تو دوسری طرف اس نے ثابت کردیا ہے کہ عوام حکمرانوں کومزید اقتدار کے ایوانوں میں دیکھنا نہیں چاہتے۔اجلاس سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین الحاج محمد ہاشم خان،کیو ڈبلیو پی ضلع چارسدہ کے چیئرمین و سابق ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر علی خان اور دوسرے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔