ضلع سوات کے ممتاز سیاسی رہنماء سابقہ ناظم یونین کونسل گنبد میرہ عرفان خان میر خان خیل نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی قیادت اورپالیسیوں پراعتماد کااظہار کیا۔وطن کور پشاور میں قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ سے ملاقات کے دوران عرفان خان نے قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور قومی وطن پارٹی ہی پختونوں کی حقیقی نمائندگی کر رہے ہیں اور پختونوں کو درپیش چیلنج سے نمٹنے اور مسائل کے حل کیلئے عملی جدوجہد کے ذریعے ہر فورم پر آواز اٹھارہے ہیں۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع سوات کے چیئرمین شیربہادرزادہ خان،دیگر رہنماء صدید خان،شوکت علی خان اور انور اقبال بالے بھی موجود تھے۔سکندر شیرپاؤ نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم پختونوں کے بہبود اور تحفظ کیلئے کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے اور ان کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے حق اور مسائل کے حل کیلئے متحدہوکر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا پشاور جلسہ ہر حال میں منعقد ہو گا،کارکن حکومتی حربوں کی پروا کئے بغیر22نومبر کو جلسہ گاہ پہنچے۔ حکومت اپوزیشن جماعتوں کی جدوجہد سے خوف کا شکار ہے اور جلسہ میں عوامی شرکت روکنے کیلئے ابھی سے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے مگر عوام نے نااہل حکمرانوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ 22نومبر کے جلسہ میں کثیر تعداد میں شرکت کرکے حکمرانوں کو گھر بھیجنے کا واضح پیغام دیں گے۔ انھوں نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری میں حد درجے اضافہ نے غریب عوام کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے جبکہ اشیائے خورد و نوش اور عام استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔