قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جلسوں میں لاکھوں لوگوں کی شرکت اپوزیشن جماعتوں پر اعتماد اور حکمرانوں پر بداعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے عمرزئی ضلع چارسدہ میں حلقہPK-57کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر شرکاء نے جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں پارٹی کی صوبائی قیادت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے کارکن جلسہ میں بڑی تعداد شرکت کرکے ثابت کریں گے کہ مستقبل کیو ڈبلیو پی کا ہے۔ سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ حکومت کی ڈھائی سالہ دور اقتدار میں کیا ہوا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیاگیاجبکہ ملک و قوم کے مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے۔عام استعمال کی اشیا کے نرخوں نے تمام حدیں پار کردی ہیں اور ملک میں غربت،بے روزگاری اور پسماندگی میں تاریخی اضافہ ہو گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ملک و قوم کی تقدیریں زبانی جمع خرچ سے نہیں بلکہ عملی اقدامات اور ٹھوس حکمت عملی اور پالیسیوں سے بدلتی ہے۔انھوں نے کہا کہ آج آٹا،چینی،گھی اور دوسری ضرورت کی اشیا کی قیمتیں عوام کی قوت خرید سے باہر ہو چکی ہے اور عوام دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے ترس رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعوے کہا ں گئے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو نئے پاکستان کی نہیں ضروریات زندگی کی اشیا کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی کی قیادت کی دوغلی پالیسیوں کی بدولت ان سے متنفر ہو چکے ہیں اور ان سے جلد از جلد چھٹکارہ چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت پشاور کا جلسہ روکنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے مگر عوام نے نااہل حکمرانوں کوگھربھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ 22نومبر کے جلسہ میں کثیر تعداد میں شرکت کرکے ثابت کریں گے کہ موجودہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے۔