قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے ملک بھر،صوبہ خیبر پختونخواکے متعدد اضلاع اور تحصیل شبقدر میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا۔انھوں نے کہا کہ شدید بارشوں کی بدولت ملک بھر، صوبہ خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع اور تحصیل شبقدر کے کئی علاقے سیلاب کی زد میں ہے جس کی وجہ سے متعدد مکانات اور کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے تحصیل شبقدر کے علاقہ خواجہ وس میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے سرکردہ کارکنوں اور عہدیداروں حاجی سنتوش لالا،سرتاج خان،سراج خان،جمال شاہ،جلال شاہ،ہلال خان،بیت اللہ،شفیع اللہ،نعیم اللہ،عبداللہ،سجاد خان،حکیم خان،درویش خان،آصف خان،عارف خان،ضابطہ شاہ،عباد خان،اسفدیار،حمزہ خان،بخت روان حاجی،اشفاق،ہدایت شاہ،کاشف خان،عبدالماجد،قربان علی اوراسرار خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ طوفانی بارشوں کی بدولت آنے والے سیلاب سے ملک بھر میں ہرسال بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی ہے لیکن حکمرانوں کا کردارپیشگی منصوبہ بندی کی بجائے وقتی اقدامات تک محدود ہے۔انھوں نے کہا کہ شبقدر میں سیلاب کی روک تھام کیلئے ہم نے اپنی وزارت کے دوران وہاں پر دو سمال ڈیمز تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا اور اس پر کام بھی شروع کیا لیکن موجودہ حکومت اورعلاقہ کے منتخب نمائندوں کی عدم دلچسپی اور نااہلی کی وجہ سے وہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے آج پورا تحصیل شبقدر سیلاب کی ضد میں ہے۔سکندر شیرپاؤ نے حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں مہنگائی میں جو اضافہ ہوا ہے ملکی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی جبکہمہنگائی پر قابو پانے کیلئے پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس کوئی لائحہ عمل نہیں اور عوام کو حسب روایت خالی وعدوں پر ٹرخایا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی معاشی پالیسیوں کو آئی ایم ایف اور دیگربین الاقوامی مالیاتی اداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جن کو یہاں کے عوام کی پریشانیوں اور غربت کا کوئی احساس نہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے اور خدشہ ہے کہ ملک میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے لوگوں کی تعداد میں خطرناک حد تک مزیداضافہ ہو جائے گا۔انھوں نے بجلی کے ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کے باوجودوفاق کے امتیازی سلوک کا سامنا کر رہا ہے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل،ضلع چارسدہ کے رہنماء مفتی افتخار،شکیل باچہ،طلحٰی تسلیم،ملتان ماما،قادر خان اورماجد خان بھی موجود تھے۔