قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے دیرکالونی پشاور سپین جما عت مدرسہ میں بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی ویکجہتی کا اظہار کیا۔ انھوں نے دھماکہ کو انتہائی گھناؤنا فعل قرار دیتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کے دعوؤں کے باوجود صوبے میں امن و امان کی صورتحال بگڑ رہی ہے اور ان کی عدم توجہ اور پیشگی منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے ملک بد امنی،لاقانونیت اور مسائل کا آماجگاہ بن چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے امن و امان کے پائیدار قیام اور عوام کے حقوق و تحفظ کیلئے کوئی موثر حکمت عملی مرتب نہیں کی جس کی وجہ سے ملک اور عوام کو درپیش مشکلات کنٹرول سے باہر ہوچکے ہیں۔انھوں نے حکومت پر زور دیاکہ دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد کو تمام ترطبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور جان بحق اور زخمی افراد کے لواحقین کیلئے بھرپور مالی امداد کا اعلان کیا جائے۔انھوں نے مزید کہا کہ اس قسم کی کارروائیوں کا مقصد معاشرے میں بے چینی پھیلا نا اور حالات ایک بار پھر خراب ہونے کی طرف جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور حکمرانوں کو چاہیے کہ اس مسئلے پر خصوصی نظر رکھتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنا نے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے