قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے جلال آباد میں پاکستانی ویزا کے حصول کیلئے جمع ہجوم میں بھگدڑ مچنے سے12خواتین کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہا رکرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے سانحہ میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ پر دلی دکھ ہوا۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اس ضمن میں ایکشن لے کر ویزا کے حصول میں پائی جانے والی مشکلات دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔انھوں نے کہا کہ ویزا کے حصول کا طریقہ سہل بنانے کیلئے ایسی حکمت عملی ترتیب دیدی جائے جس سے عوام کی مشکلات میں کمی لائی جاسکے کیونکہ اس قسم کے واقعات سے دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ پیدا ہونے کا اندیشہ پایا جاتاہے۔انھوں نے کہا کہ زیادہ تر افغان مہاجرین پاکستان میں علاج معالجہ کی سہولت کیلئے آتے ہیں جس سے ایک طرف ہمارے ملک کو ہی فائدہ ہوتاہے تو دوسری طرف دونوں ممالک کے مابین عوامی رابطوں کو بھی تقویت ملتی ہے۔انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک مل بیٹھ کر عوام کو ویزا کے حصول کا طریقہ کار بہتر بنانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے حادثات اور دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں تلخی پیدا ہونے سے بچا جا سکے۔