قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے بنوں جانی خیل میں ہونے والے واقعہ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے مطالبات کیلئے گزشتہ کئی ہفتوں سے دھرنا پر مجبور مظاہرین کے مطالبات ماننے کی بجائے حکومت کی طرف سے طاقت کا استعمال غیر منصفانہ اور بلاجواز ہے۔انھوں نے کہا کہ اپنے جائز مطالبات کے لیے احتجاج کرنا ہر پاکستانی کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ انھوں نے کہا کہ نہتے معصوم مظاہرین پرفائرنگ، شیلنگ اور تشدد بنیادی انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔انھوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق جانی خیل واقعہ میں متعددافراد جاں بحق اور کئی افراد زخمی ہوئے ہیں جس پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا۔انھوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ مظاہرین کے ساتھ مل بیٹھ کر یہ مسئلہ پرامن طریقے سے حل کرتی لیکن حکمرانوں نے اپنے ہی لوگوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ ڈالے اور ان کو بلاجواز فائرنگ،شیلنگ اور بے دریغ لاٹھی چارج کانشانہ بنایا جس کی کسی بھی معاشرے میں مثال نہیں ملتی۔ انھوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی کی بدولت علاقہ میں امن و امان کی صورتحال روز بروز بگڑتی جارہی ہے جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کے عدم تحفظ اور غیر یقینی میں اضافہ ہو رہا ہے لہٰذا حکومت اس مسئلہ پر خصوصی توجہ دے کر یہاں کے عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے اور علاقہ میں امن کے قیام کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے۔آفتاب شیرپاؤنے واقعہ کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قوتیں متحد ہوکر اس کے خلاف آواز اٹھائے۔