قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی دور حکومت نہ صرف عام شہری بلکہ مزدور کیلئے بھی سیاہ ترین دور ہے جس میں وہ معاشی بد حالی کا شکار ہیں۔ مزدوروں اور محروم طبقات کے آئینی حقوق اوربنیادی سہولیات کی فراہمی کو فرض اولین سمجھتے ہیں اورپوری قوم کو احساس ہے کہ نظام زندگی کے رواں دواں ہونے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں مزدوروں اور محنت کشوں کا خون پسینہ شامل ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی محنت کش طبقہ کے ساتھ ہے اور ان کو قیمتی اثاثہ سمجھتے ہوئے ان کے حقوق و تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔ یوم مزدور کے حوالے اپنے ایک بیان میں انھوں نے ملک میں تعمیر ترقی اور خوشحالی کے رونقوں کو محنت کش طبقہ کے مرہون منت قرار دیا اور کہا کہ مزدوروں اور محنت کشوں کے حقوق کا حصول قومی وطن پارٹی کا منشور ہے اور اس سلسلے میں ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت مزدوروں اور محروم طبقات کے حقوق و تحفظ کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کر رہی ہے جبکہ الٹا ان پر مختلف ٹیکسوں،بجلی و گیس کی قیمتوں اور ہوشربا مہنگائی کے مد میں مزید بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔انھوں نے مزدوروں کو معاشی حقوق کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جاری تناظر میں حکومت کی مزدور دشمن معاشی پالیسیوں اور کورونا صورتحال کی بدولت مزدور طبقہ کو بری طرح متاثر کیا جس کی وجہ سے ان کے معاشی مسائل میں بے تحاشہ اضافہ ہوالہٰذا حکمران مزدوروں کو بنیادوں سہولیات کی فراہمی یقینی بنا کران کے حقوق کو تحفظ دے اور ملک کے دیگر شہریوں کی طرح مزدوروں کے بچوں کو بھی تعلیم،صحت اور دیگر ضروری سہولیات بہم پہنچائی جائے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی محنت کش طبقہ کے حقوق و تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی اور ان کے حقوق کسی صورت سلب نہیں ہونے دے گی۔