قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ ملک پر نااہل حکمران مسلط ہے جن کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی،بے روزگاری اور معاشی بد حالی میں حددرجے اضافہ ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے شہدائے شیرپاؤ کی تیرویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطا ب کر تے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ شہدائے شیرپاؤ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ان کے خاندانوں اور پسماندگان کی خدمت کا سلسلہ جا ری رہے گا۔اس موقع پر شہداء کی درجات کی بلندی کیلئے ختم القرآن کااہتمام کیا گیا اور بعد میں اجتماعی دعا کی گئی۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ ایک عوامی اور صحیح معنوں میں جمہوری حکومت ہی لوگوں کے مفادات کا ضامن ہو تا ہے۔انھوں نے پی ٹی آئی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے عوام پرہوشربا مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرکے ان سے جینے کا حق چھین لیاگیا۔انھوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دے رہی ہے۔سکندر شیرپاؤ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی اور نالائقی کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور اس سے ملک کے غریب عوام مزید متاثر ہوں گے۔ملک کی پالیسیاں آئی ایم ایف کی جھولی میں ڈالی گئی حکمران بیرونی قرضوں کا بوجھ بذریعہ ٹیکس اور مہنگائی عوام پر ڈال رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ تاریخی مہنگائی کی بدولت عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔ملک کی معیشت تباہی کے دہانی پر پہنچ چکی ہے۔کاروبار اور روزگار تباہ اور تجارتی سرگرمیاں دم توڑ چکی ہے۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے ضلعی اور مقامی رہنما،عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔