قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا کہ قرضوں کی بجائے خودکشی کو ترجیح دینے والے پی ٹی آئی کے حکمرانوں نے گزشتہ دو سال کے دوران ملکی قرضوں میں 14ہزار ارب روپے کا اضافہ کردیا جس کی وجہ سے معیشت قرضوں اور عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل آبازئی تحصیل تنگی میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرجے یو آئی کے رہنما سابق ناظم جانیف اللہ خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سکندر شیرپاؤ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوئی کارکردگی نظر نہیں آرہی ہے صرف بیرون قرضوں پر انحصار کی وجہ سے ملکی معیشت مکمل طور پربیٹھ چکی ہے اور مہنگائی کی شرح میں تاریخی اضافہ ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ ناکام حکومت کسی بھی مسئلہ پر سنجیدہ نہیں جبکہ ان کی کارکردگی کرپشن کے خلاف نعرے لگانے تک محدود ہے۔انھوں نے بی آر ٹی کی ناکامی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پورے محکمہ کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیے کیونکہ ریپڈبس سروس پر عوام کے اربوں روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکمران اپنے ہی صفوں میں موجود بدعنوان لوگوں کے خلاف کاروائیوں سے کترا رہی ہے جبکہ اپوزیشن کے ارکان کو ٹارگٹ کرکے قوم کو دھوکہ دیا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ عوام کی زندگیوں میں خوشنما تبدیلی لانے کے دعوے کرنے والی پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنی عوام دشمن پالیسیوں کے ذریعے ان کا جینا حرام کردیا ہے اور بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات، ادویات، کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ ساتھ عوام کی روزمرہ کی استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کئی سو فیصد اضافہ پی ٹی آئی حکومت کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے رہنماء مفتی افتخار خان،جاوید حسین خان اور ہمایون خٹک کے علاوہ پارٹی کارکن اور عہدیدار بڑی تعداد میں موجود تھے۔