قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے پاس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے کوئی ویژن اور پروگرام نہیں اور اس بات کا اندازہ ملک کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔وہ یونین کونسل شوڈاگ ضلع چارسدہ میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پرپی ٹی آئی اور اے این پی کے عہدیداروں اور کارکنوں حضرت علی بابا،فضل غنی،سید غنی،زبیر شاہ،علی خان،نظر خان،صدیق خان،ممتاز علی،رحیم شاہ،میاں خان،لیاقت شاہ،مسرت شاہ،عاطف خان،بلال خان،سیار خان،نوید خان،شیرزمین اور ظاہر شاہ نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سکندرشیرپاؤ نے کہا کہ حکومت کی غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے عوام کے مسائل پس پشت چلے گئے۔ ملک کی گرتی ہوئی معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے بھاری قرضے لینے کے باوجود بھی معیشت کی بہتری کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا گیس اور بجلی کے پیداوار میں خودکفیل ہونے کے باوجود اس کے باسیوں کو اس سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے جو کہ سراسر ناانصافی پر مبنی ہے۔انھوں نے صوبہ میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ اور صوبہ کے وسائل کو یہاں کی ترقی کیلئے بروئے کار نہ لانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا صوبہ وسائل سے مالا مال ہیں اور صوبہ اس وقت بجلی،گیس اور پٹرولیم مصنوعات وافر مقدار میں پیدا کررہا ہے لہٰذا اس کے ثمرات سے عوام کو مستفید کرنے کیلئے فوری اور نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں۔انھوں نے روزمرہ استعمال کی اشیاکی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیااور کہا کہ اس سے غریب لوگوں کی پریشانیوں میں مزیداضافہ ہوگا۔