قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے حکمران دوغلی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے ایک طرف عوام کو سبز باغ جبکہ دوسری طرف ہوشربا مہنگائی،ادویات اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کے ذریعے ان کی زندگی مشکل بنا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم عوامی مسائل اجاگرکرنے کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے اور اس سلسلے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل شوڈاگ میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپی ٹی آئی اور جے یو آئی کے کارکنوں فقیر گل،طارق خان،فاروق افتخار،سلیم خان،نورداد،نصیر خان،ولایت اللہ،خالد خان،الف خان،عمر محمد،تاج محمد،اکبر علی،رحمان اللہ،یوسف خان،عرفان خان،تاج میر،احسن خان،فرہاد علی،عمر خان اور رفیق خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سکندر شیرپاؤ نے آٹا،چینی کے بعد گھی اور دالوں کے نرخوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی اور ریلیف کے نام پر آنے والے حکمرانوں نے غریب عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے باوجود روزمرہ کی بنیاد پر اضافہ اور اشیائے خور و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کے اوسان خطاکردیئے ہیں اور وہ پی ٹی آئی کی حکومت سے متنفر ہوکر بد ظن ہو چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ50لا کھ گھر،ایک کروڑ نوکریاں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 46روپے مقررکرنے کے دعوے کہاں گئے۔انھوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ ابترمعاشی و اقتصادی صورتحال سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پی ٹی آئی حکمرانوں نے اقتدار کے ایوانوں تک رسائی کے لیے تبدیلی،میرٹ کی بالادستی اور بدعنوانی کے خاتمے جیسے کھوکھلے نعروں سے عوام کو دھوکہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ سنگین اور کھٹن صورتحال میں پختونوں کو مسائل سے نکلنے کیلئے اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کا مظاہرہ کرکے قومی وطن پارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا۔