قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے فاٹا اصلاحات پر من و عن عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام تاحال انضمام کے ثمرات سے محروم ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں ضلع مہمند کے تحصیل امبار میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر علاقہ کی سیاسی شخصیات وملکان ملک سبز علی،ملک قادر خان،ملک اکبر خان،ملک میاں گل،ملک عبدالرحیم،گل بہادر ملک،ملک حسن خان،لال محمد خان میاں،آفسر خان میاں،معتبر خان،سید رحمان اور شاہد خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سکندر شیرپاؤ نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ علاقہ کے مسائل کے خاتمے کیلئے مل کر جدوجہد کی جائے گی۔انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کو این ایف سی کا تین فیصدحصہ اور دس سال تک ہر سال ایک سو ارب روپے وہاں کی پسماندگی دور کرنے پر خرچ کئے جائیں گے لیکن انضمام کے دوسال گزرنے کے باوجود قبائلی عوام صحت،تعلیم اورپینے کے صاف پانی جیسی سہولت سے بھی محروم ہیں۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کہ سابقہ فاٹا کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں اور صوبائی حکومت مرکزی حکومت کی طرف سے ضم شدہ قبائلی علاقوں کے عوام کی پسماندگی دور کرنے اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ملنے والے پسیوں کو صوبہ کے دیگر حصوں پر خرچ کرنے کی بجائے سابقہ فاٹا کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے استعمال میں لایا جائے۔انھوں نے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں کالجز اور یونیورسٹیوں کے فوری قیام کے ساتھ ساتھ 3Gاور4Gانٹرنیٹ کی سہولت کوبھی جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔سکندر شیرپاؤ نے بین الافغان مذاکرات کا خیر مقدم کرتے کہا کہ مذاکرات میں افغان عوام کی امنگوں کے مطابق پائیدار امن کے قیام کی امید کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان میں امن سے پورے خطے کو فائدہ ہو گالہٰذا تمام فریقین کوامن کے قیام کیلئے اپنا کردارادا کرنا چاہیے تاکہ خطہ امن،سلامتی اور تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔دریں اثنا سکندر شیرپاؤ نے ضلع مہمند کے تحصیل پنڈیالی کا بھی دورہ کیا جہاں پر زیارت ماربل کان حادثہ میں جاں افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے رہنماء ڈاکٹرفاروق افضل،ملک مصطفٰی مہمند،قیصر جمال خان،حاجی دوست محمد اور امجد علی مہمند کے علاوہ پارٹی عہدیدار اورکارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔