قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے سوئی گیس بحران کو حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہلی کی بدولت ملک و قوم کو بحران در بحران کا سامنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گاؤں شیرپاؤ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حکمت عملی وضع کرنے کے حوالے یونین کونسل زیم اور شیرپاؤ کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انتخابات میں لوگوں کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کیلئے رابطہ عوام مہم کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیدیا گیا اور پارٹی امیدواروں کیلئے گھر گھر مہم چلانے کابھی فیصلہ کیا گیا۔دن میں تین بار گیس کی سہولت میسر ہونے کے حوالے بات کرتے ہوئے سکندرشیرپاؤنے کہا کہ ہوشربا مہنگائی و بے روزگاری اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد اب عوام کوسوئی گیس کی سہولت سے بھی محروم کیا جارہا ہے۔ انھوں نے پی ٹی آئی کی حکومت کی ناقص پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچکول توڑنے کے دعویداروں نے ملکی قرضوں کے حجم میں اربوں روپے کا اضافہ کرکے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے رحم و کرم پر چھوڑدیا۔انھوں نے مزید کہا کہ ڈالر کی اونچی اڑان کی وجہ سے موجودہ قرضوں میں تین کھرب کا مزید اضافہ ہر محب وطن پاکستانی کیلئے نہ صرف قابل تشویش امر ہے بلکہ اس سے مہنگائی کی جاری لہر میں مزید اضافہ ہوا جس نے عام آدمی کا جینا مشکل کردیا۔انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور شاہ خرچیوں کا بوجھ عوام کو گرانی کی صورت میں اٹھانا پڑ رہا ہے کیونکہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیادوں پر اضافہ کیا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہر شہری مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہے جبکہ حکومت مہنگائی اور مافیا پر قابو پانے کی بجائے اس کی سرپرستی کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ گھر روزگاراور نئے پاکستان کے دعویدارتبدیلی سرکار نے عوام کو پسماندگی،بے روزگاری اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حکمران عوامی حمایت سے محروم ہو گئے ہیں اور بلدیات کے آنے والے انتخابات میں بری طرح شکست سے دوچار ہوں گے۔اجلاس سے قومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے چیئرمین قیصر جمال خان،جاوید حسین اور تحصیل تنگی کیلئے نظامت کے امیدوار یحییٰ جان مہمند نے بھی خطاب کیا۔