قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے صوبہ اور پختونوں کی بڑھتی ہوئی پسماندگی اوراحساس محرومی کوصوبائی حکومت کی غفلت کا نتیجہ قراردیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اور یہاں کے عوام کے حقوق و تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان کی بد حالی کے خاتمے کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل زیم میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے سرکردہ کارکنوں نواب خان،گوہر،محمود ماما،عاشق خان،شہزاد خان،سفیر خان،عزیر خان،آصف خان،باسط خان،یونس،عصمت،بلال،اشرف،موسیٰ،صلاح الدین اور طارق خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سکندرشیرپاؤ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی اور بد انتظامی کی وجہ سے صوبہ اور عوام سماجی،معاشی اور اقتصادی مشکلات سے دوچار ہے اور یہی وجہ ہے کہ بے روز گاری اور مہنگای حد درجے بڑھ چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پورے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی اورکارکنوں پر زور دیا کہ پارٹی پروگرام کوگھر گھر پہنچائے۔انھوں نے مزید کہا کہ قومی وطن پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور حالیہ انتخابات میں پارٹی کی شرکت اس عزم کے ساتھ کی جارہی تاکہ ملک میں جمہوریت اور جمہوری ادارے مضبوط ہو جائیں۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عوام آزمائش کی گھڑی سے گزررہے ہیں اور انھیں بے تحاشہ مشکلات کا سامنا ہے تاہم قومی وطن پارٹی ان کے لئے امید کی کرن ہے اور ان کی نظریں پارٹی قیادت پر لگی ہوئی ہیں،ہم ان کے مشکلات کے خاتمے اور توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔