قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ماربل کے صنعت کے فروغ اور وہاں پر کام کرنے والے مزدوروں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے بلا سٹنگ جیسے فرسودہ اور خطر ناک طریقوں کی بجائے جدید مشینری کے استعمال کو لازمی قرار دینے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضلع مہمند کے علاقہ صافی میں زیارت ماربل کان حادثہ کے 14متاثرہ خاندانوں کے ساتھ فرداًفرداً ملاقاتیں اور مرحومین کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین شمشیر خان،ڈاکٹرفاروق افضل،ملک عبدالحسن،ملک رحیم خان اور ملک سعداللہ کے علاوہ پارٹی عہدیدار اور کارکن بھی موجود تھے۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ ضلع مہمند کی زیادہ تر آبادی کی معیشت کا انحصار ماربل کانوں میں محنت مزدوری سے وابستہ ہیں لہٰذا حکومت ماربل کے صنعت میں کان کنی کیلئے جدید مشینری کی فوری فراہمی اور بلاسٹنگ کی بجائے اس کے استعمال کولازمی قرار دے جس سے نہ صرف ماربل کے صنعت کو مزید فروغ ملے گا بلکہ اس میں کام کرنے والے مزدوروں کی زندگیاں بھی محفوظ ہو جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ اندوہناک واقعہ پر دلی دکھ ہوا اور ہماری تمام تر ہمدردیاں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ملاقاتوں کے دوران سکندر شیرپاؤ نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سانحہ میں زخمی ہونے والے مزدوروں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیا ت فراہم کئے جائیں اورکان کنی کے صنعت میں حفاظتی اقدامات کویقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے بڑے جانی نقصانات سے بچا جاسکے۔سکندر شیرپاؤ نے متاثرہ خاندانوں کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے بہبود کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھائی جائے گی۔