پشاور( )قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان دوحہ میں شروع ہونے والے مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جنگ سے تباہ حال ملک افغانستان میں قیام امن کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔وطن کور پشاور میں پارٹی کے اجلاس کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے انھوں نے کہا کہ افغانستان چار دہائیوں سے حالت جنگ میں ہے لہٰذا وہاں پر امن کے قیام کیلئے انتھک محنت کی ضرورت ہے کیونکہ افغان عوام جنگ کی وجہ سے بے تحاشہ مسائل اور بربادی کا سامنا کر چکے ہیں۔انھوں نے اسلام آباد سے بھی مذکرات میں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو افغانستان کے ساتھ حکومتی اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی افغانستان کے امن سے جڑی ہوئی ہے۔انھوں نے کہا کہ قیام امن سے نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کو فائدہ ہو گا کیونکہ امن کے بغیر ترقی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔انھوں نے تمام فریقین باالخصوص افغان حکومت اور طالبان سے کہا کہ امن کی خاطر وہ گزشتہ تلخیوں کو بھلاتے ہوئے ملکی استحکام کیلئے مشترکہ جدوجہد کرے۔