قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے غیر قانونی ٹائیگر فورس کو مہنگائی کنٹرول کرنے کی ذمہ داری سونپنا عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکھنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مہنگائی میں کمی آنے کی بجائے کرپشن بڑھے گی اور تاجروں کے ساتھ لڑائی جھگڑوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ملاکنڈ کے رہنماء نثار خان،ماجد خان اور پی ٹی آئی کے رہنماء وقاص خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سکندر شیرپاؤ نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ صوبہ کی پسماندگی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے مل کر جدوجہد کی جائے گی۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی سینئر وائس چیئرمین طارق احمد خان،سیکرٹری انفارمیشن اسد آفریدی ایڈوکیٹ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل،صوبائی سیکرٹری ادب و ثقافت ڈاکٹر عالم یوسفزئی،صوبائی سیکرٹری فنانس اخونزادہ سکندر زمان اور ضلع ملاکنڈ کے پارٹی چیئرمین جھانگیر خان بھی موجود تھے۔سکندر شیرپاؤ نے چینی،گھی،صابن،چاول،چکن اور انڈوں کی قیمتوں میں 10سے25فیصد اور مزید253جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کو عوام دشمن فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ وزیر اعظم نے جب بھی کسی مسئلے کا نوٹس لیا تو وہ عوام کیلئے وبال جان بن گیا۔انھوں نے کہا کہ حکمران عوامی مسائل سے بے خبر ہیں اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے ان کا کردار اخباری بیانات تک محدود ہے۔انھوں نے چکدرہ چترال سی پیک روٹ پر کام شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے حق پر سمجھوتہ کرنے کی بجائے اس کے حصول کیلئے کردار ادا کرے۔بی آر ٹی کی بندش اور اس معاملہ کو سرد خانے کی نظر کرنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمران کسی بھی معاملہ میں سنجیدہ نہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر بی آر ٹی کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں کیونکہ منصوبے پر عوام کا اربوں روپیہ لٹایا گیا۔انھوں نے کہا کہ حکومت نیب کو حزب اختلاف کی جماعتوں کو ہراساں کرنے کیلئے استعمال کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے گجرانوالہ جلسے سے قبل اپوزیشن رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔نئے انتخابات کا مطالبہ دہراتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ سے بننے والی حکومت عوامی پریشر کے سامنے ٹہر نہیں سکے گی۔سکندر شیرپاؤنے کوئٹہ دھماکہ کی مزمت کرتے ہوئے اس میں جاں بحق افراد کی مغفرت کیلئے دعا کی۔