اے این پی یو سی زیم کے جنرل سیکرٹری محمد اسرائیل نے دیگر عہدیداروں جہانگیر خان، حاجی ظاہر شاہ، اسماعیل خان، محمد ابراہیم سمیت درجنوں خاندانوں اور سینکڑوں کارکنوں سمیت ایک اجتماع کے دوران قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت داخلی اور خارجی محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اور گزشتہ الیکشن میں تبدیلی کے نام پر عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر تاحال کوئی عملدرآمد نہیں کیاجبکہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ گزشتہ حکومتوں پر ڈال کر عوام کو ایک مرتبہ پھر دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی میں روز بروز اضافہ اور معیشت سکڑ رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ورلڈ بنک کی رپورٹ جس میں افراط زر میں مزیداضافہ،شرح ترقی0.5فیصدپر چلی جانے کا خدشہ اورآئندہ برسوں میں معاشی ترقی کے اہداف کا حصول ناممکن قرار دینے سے نہ صرف موجودہ حکومت کی مکمل طورپر ناکامی عیاں ہو چکی ہے بلکہ ان کی تبدیلی اور نئے پاکستان کے دعوؤں کی قلعی بھی کھل گئی ہے۔انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے نئے پاکستان میں تقریباًآٹھ کروڑ عوام غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں اور اوپر سے آئندہ سال مہنگائی میں مزید اضافے کی نوید سنائی جارہی ہے جس سے غریب عوام کا جینا مشکل ہو جائے گا۔انھوں نے وفاقی وزیر کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی بحث مباحثوں سے کم نہیں ہو گی بلکہ اس کیلئے ٹھوس معاشی پایسیوں کی ضرورت ہوتی ہے جو پی ٹی آئی کے پاس نہیں۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں دکھائی ایسے دے رہا ہے کہ پی ٹی آئی کے حکمرانوں نے غریب عوام کو اپنے ایجنڈے سے خارج کرکے اپنی تمام تر توجہ مخالفین کو دبانے پر مرکوز کردی ہے۔