قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے خیبرپختونخواکے مختلف ڈائریکٹوریٹس کے افسروں اورملازمین کو بجٹ میں مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اورمختلف الاؤنسز میں عدم اضافے کے خلاف خیبرروڈ پر اپنے مطالبات کیلئے احتجاج کے دوران تشدد کا نشانہ بنانے کی مذمت کی اور کہا کہ صوبہ کے اہم ادارے کے ملازمین پر بے دریغ لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال انتہائی ظالمانہ فعل ہے۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ اپنے جائز مطالبات کیلئے احتجاج پر مجبور ملازمین پرلاٹھی چارج ٗآنسوگیس اورواٹرکین کے استعمال کی بجائے حکومت کو چاہیے تھا کہ ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کے تحفظات دور کرتی۔انھوں نے تشدد کے دوران زخمی سرکاری ملازمین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔انھوں نے گرفتار ملازمین کی فوری رہائی اور ان کے جائز مطالبات کی منظوری کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا ء سکندر شیرپاؤ نے خیبر پختونخواکے مختلف علاقوں اورسابقہ قبائلی اضلاع میں شدید بارشوں کی بدولت ہونے والی تباہی پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ بارشوں کی بدولت صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے درجنوں مکانات،فصلیں اور باغات متاثر ہوئے ہیں جس کے ازالہ کیلئے حکومت کو فی لفور اقدامات اٹھانے چاہیے۔