قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے تربیلا ڈیم متاثرین کی داد رسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کے مطالبات منظور کرکے ان کے تحفظات دور کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں ضلع ہری پور کے علاقے کاک میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی پی پی اور پی ٹی آئی ضلع ہری پور کے سینکڑوں کارکنوں نے قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپاؤکی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔سکندر شیرپاؤ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تربیلا ڈیم کے متاثرین کے مطالبات پر سرد مہری کا مظاہرہ قابل تشویش ہے لہٰذا حکمران اس طرف خصوصی توجہ دے کر متاثرین کی داد رسی اور مطالبات کی منظوری کیلئے فی الفور اقدامات اٹھائے۔افغانستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ خطہ میں استحکام افغانستان میں امن سے وابستہ ہے جبکہ اسلام آباد کے پاس افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوئی پالیسی نہیں۔انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ افغانستان کی سنگین صورتحال سے ہمارا ملک اور باالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان متاثر ہو سکتا ہے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں ٹھوس منصوبہ بندی کرتے ہوئے اس کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرے۔ملک میں جاری ہوشربا مہنگائی اور گھی و چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو عوام دشمن فیصلہ قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کی بدولت عوام فاقوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔سکندر شیرپاؤ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے غریب عوام سمیت صوبہ کے حقوق و تحفظ کو بھی اپنے ایجنڈے سے خارج کردیا ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انھوں نے وفاق کے ساتھ بجلی خالص منافع کی مد میں بقایاجات کے حصول،این ایف سی ایوارڈ کے انعقاد اور 1991کے واٹر ایکارڈ کے مطابق پانی استعمال کے چارجز کے حوالے بات تک نہیں کی۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی نااہلی کی بدولت صوبہ کے مالی مسائل میں اضافہ ہورہا ہے اور یہ پسماندگی کی طرف بڑھتا جارہا ہے،صوبہ میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی،لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صنعتیں بند اور لوگ بے روزگار ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی تعداد پانچ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔انھوں نے ملک میں مڈ ٹرم انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سنگین حالات سے نکلنے کا واحد راستہ ملک میں قبل از وقت انتخابات ہے لیکن اس سے قبل انتخابی اصلاحات کو عملی جامہ پہنانا ہوگا۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی کی صوبائی وائس چیئرمین ڈاکٹر فائزہ رشید،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل،ضلع ہری پور کے چیئرمین سیٹھ فضل الرحمان اور جنرل سیکرٹری گل حبیب نے بھی خطاب کیا۔