قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں دہشتگردی کے واقعہ میں 11بیگناہ کان کن مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت امن و امان کے قیام میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور ان کی تمام تر توجہ پی ڈی ایم کے رہنماؤں کے خلاف کارروائیوں پر مرکوز ہے۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ واقعہ پر دلی دکھ ہوا اور ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔انھوں نے واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کامطالبہ کیا اور کہا کہ ان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے۔انھوں نے متاثرہ خاندانوں کی مالی داد رسی کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ اگرنیازی حکومت اپوزیشن رہنماؤں کو ٹارگٹ کرنے کی بجائے امن و امان کے پائیدار قیام اور شہریوں کے تحفظ پر توجہ دیتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔دریں اثناء آفتاب شیرپاؤ پارٹی کے دیرینہ کارکن ملک جھانگیر کی وفات پر تعزیت کیلئے ان کی رہائش گاہ اکبر پورہ گئے جہاں پر انھوں نے مرحوم کے لواحقین سے ملاقات کی اور مرحوم ملک جھانگیر کی مغفرت کیلئے دعا کی۔