قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبہ کے حقوق کے حصول کیلئے مرکزی حکومت کے سامنے بے بس نظر آرہی ہے کیونکہ ایک طرف وفاقی حکومت نہ این ایف سی ایوارڈ کا اجراء اور نہ ہی بجلی خالص منافع کی مدمیں صوبے کے بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنا رہی ہے جبکہ دوسری طرف صوبائی حکمران خیبر پختونخوا اور یہاں کے عوام کا کیس وفاق کے سامنے بہتر انداز میں پیش کرنے کی بجائے ہاتھ پر ہاتھ رکھ محض تماشائی کا کردار اداکر ر ہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کوز بہرام ڈھیری میں شہید وطن حیات محمد خان شیرپاؤ کی آنے والی برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں دکھائی ایسا دے رہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبہ کو بجلی خالص منافع کی مدمیں بقایاجات کی ادائیگی سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کو جاری مہنگائی،معاشی بدحالی اورسیاسی انارکی کا ذمہ دار ٹہراتے ہوئے سکندر شیرپاؤنے کہا کہ موجودہ حکومت نہ صرف حکومتی معاملات چلانے سے نابلد ہے بلکہ ان کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کی بدولت ملک قرضوں اور عوام مہنگائی میں ڈوب چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے تبدیلی اور خوش نما انتخابی نعروں کے ذریعے صوبہ کے عوام کو دھوکہ دیا کیونکہ پی ٹی آئی نے آج تک اپنا کیا ہواایک وعدہ بھی ایفا نہیں کیا۔انھوں نے روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں پے در پے اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی غریب کش پالیسیوں کی بدولت عوام سے جینے کا حق چھین لیا گیا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حکمرانوں نے اقتدار کے حصول سے قبل کئے گئے تمام وعدوں پر یوٹرن لیا جیسا کہ پٹرولیم مصنوعات،بجلی و گیس،اشیائے خورد و نوش سستا کرنے سمیت صحت اصلاحات،نوجوانوں کو روزگاراور بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی جیسے وعدے شامل تھے۔