سابق صوبائی وزیرحاجی ابرار حسین تنولی نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔اس سلسلے میں ضلع مانسہرہ میں ایک شمولیتی تقریب منعقد ہوئی جس سے قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین نے خطاب کیا۔ قومی وطن پارٹی کے چیئر مین آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے اپنے خطاب میں حاجی ابرار حسین تنولی کو قومی وطن پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پارٹی کوہزاراہ ڈویژن میں مزیدتقویت ملے گی اوروہ پارٹی کی مزید فعالیت کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔انھوں نے کہا کہ موقع ملا تو تناول کو ضلع کا درجہ دیا جائے گا اور علاقہ کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں گے۔آفتاب شیر پاؤ نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو ٹوپیاں پہنائیں اور انہیں پارٹی کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوام سلیکٹڈ حکمرانوں کی پالیسیوں سے عاجز آچکے ہیں جبکہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائظ مان کر ان پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں عوام نے پی ٹی آئی سے ووٹ کے ذریعے ہوشربا مہنگائی و بے روزگاری کابدلہ لے کر ان پر واضح کردیا کہ پی ٹی آئی کی پالیسیاں عوام دشمن ہیں۔انھوں نے کہا کہ عمران خان پہلے کہتے تھے کہ ایک سو دنوں میں ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے پھر 6مہینے اور اب پی ٹی آئی کی حکومت کی تقریباً ایک ہزار دن پورے ہوچکے ہیں لیکن عوام کی تقدیر بدلنے کی بجائے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا۔انھوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کا پہیہ مکمل طور پر رکا ہوا ہے جبکہ قوم پر غیر ملکی قرضوں کے بوجھ میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے ملک کے ساتھ جو کھیلواڑ کیا ہے عوام ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی اور آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو امیدوار تک نہیں ملیں گے۔انھوں نے کہا کہ اگر ملک میں مہنگائی کا شرح اسی تناسب سے جاری رہا تو ملک میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو سکتاہے۔انھوں نے سینیٹ انتخابات کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ دکھانے کے حربے سے ظاہر ہوچکا ہے کہ عمران خان تذبذب کا شکار ہے اور ان کو اپنے ممبران پربھی اعتماد نہیں۔انھوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں آئی ایم ایف کے نمائندے کو ٹکٹ دینے اور ہزاراہ ڈویژن کو نظر کرنے سے پی ٹی آئی کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنا ضرور دیں گے تاکہ ملک میں حقیقی جمہوریت اور شفاف انتخابات کیلئے راہ ہموار کی جاسکے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے لیکن عوام کے غیض و غضب سے کسی صورت بچ نہیں سکے گی کیونکہ حالیہ ضمنی انتخابات میں بری طرح شکست کے بعدحکمران خوف اور بے یقینی کا شکار ہیں۔انھوں نے کہا کہ احتساب کے حق میں ہے،بی آر ٹی،بلین ٹری سونامی اور ملبہ جبہ کیس سمیت ملک میں مصنفانہ اور شفاف احتساب چاہتے ہیں۔