قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے عام استعمال کی ادویات اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں تسلسل سے جاری اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سال سے پورے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہو گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور شیرپاؤ میں پارٹی کی ضلعی کابینہ اور حلقوں کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارٹی کے تنظیمی امور،سیاسی صورتحال اور عام آدمی کو درپیش مشکلات کے حوالے غور و حوض کیا گیا۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیا ہے جبکہ حکمرانوں کا کردار طفل تسلیوں تک محدود ہے۔انھوں نے کہا کہ آٹے کا 20کلو کاتھیلا14سو روپے سے تجاوز کرگیاچاول،دالیں،گھی،چینی،سبزیوں اور غریب آدمی کے استعمال کی اشیا کی نرخوں کا اڑان جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت غریب آدمی پر بوجھ ڈالنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی،خیبر پختونخوا کے شہری علاقوں اور باالخصوص دیہی علاقوں میں بجلی اور گیس کی ناروالوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ آئے روز اس کی قیمتیں بھی بڑھائی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ سات سالوں کے دوران خیبر پختونخوا میں کوئی بڑا ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا جبکہ بی آر ٹی پر بغلیں بجانے والے اب عوام کا سامنا کرنے سے کترا رہے ہیں۔انھوں نے بی آر ٹی کی تحقیقات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ اس پر عوام کے اربوں روپے خرچ کئے گئے ہیں لہٰذا اس کی فوری طور پر چھان بین کی جائے۔اجلاس میں پارٹی کے صوبائی رہنماء،ضلع چارسدہ کے عہدیدار اور تمام حلقوں کے پارٹی اراکین موجود تھے۔