پشاور( ) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے صوبہ میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال کو حکمرانوں کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے پے در پے واقعات لمحہ فکریہ ہے۔
 
قومی وطن پارٹی کے سیکرٹریٹ وطن کور پشاور سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں انھوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں امن و امان کی خراب صورتحال اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پورا صوبہ دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔انھوں نے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور اس میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع کو قابل افسوس امر قرار دیتے ہوئے ان واقعات کی پر زور مزمت کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ صوبہ میں امن نام کی کوئی چیزنظر نہیں آرہی ہے جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید بے چینی اور بے یقینی پائی جارہی ہے۔انھوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے اس اہم مسئلہ کو پشت ڈال کر غیر ضروری سیاسی ایشوز میں الجھ گئی ہے جبکہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کا تحفظ مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انھوں نے حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے مسئلہ پر مزید سرد مہری کا مظاہرہ کیا گیا تو اس کے خطر ناک نتائج برآمد ہونے کا خدشہ ہے لہٰذا اس سنگین مسئلہ کے حل کیلئے سنجیدہ اور موثر اقدامات کئے جائیں۔انھوں نے ڈی آئی خان اور وزیرستان واقعات کی بھی مزمت کی اور اسے سفاکانہ فعل قرار دیتے ہوئے غم زدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔