قومی وطن پارٹی کا اعلی سطحی اجلاس۔
کالا باغ اور مائنز اینڈ منرلز بلز پر تحریک انصاف کے موقف پر سخت ردعمل کا اظہار
پی ٹی آئی کے حربے صوبے کے مفادات پر سمجھوتہ اور صوبائی خودمختاری پر حملہ قرار
————
پریس ریلیز
22اپریل2025
پشاور( ) قومی وطن پارٹی نے پی ٹی آئی کی طرف سے کالاباغ کی حمایت اور مائن اینڈمنرل ایکٹ جیسے حربوں کو صوبے کے مفادات پر سمجھوتہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ قومی وطن پارٹی اس قسم کے حربوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی اور نہ ہی کسی کوصوبائی خود مختاری اور صوبے کی مفادات سے کھیلنے کی اجازت دے گی۔اس سلسلے میں قومی وطن پارٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس وطن کور پشاور میں زیر صدارت صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ منعقد ہوا جس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان،مرکزی جائنٹ سیکرٹری ہاشم رضا ایڈوکیٹ،صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل اور صوبائی سیکرٹری انفارمیشن شکیل وحیداللہ خان نے شرکت کی۔
اجلاس میں مائن اینڈ منرل ایکٹ اور کالاباغ ڈیم جیسے ایشوز کو اچھالنے کے حوالے غور و حوض کیا گیا اور کہا کہ کالاباغ ڈیم جیسے مردہ ایشو کو دوبارہ اچھالنا نہ صرف صوبے بلکہ عوامی مفادات کے برخلاف اقدام ہوگا۔انھوں نے کہا کہ سینیٹر ہمایون مہمندکو کالاباغ کی حمایت سے پہلے اس چیز کو یاد رکھنا چاہیے تھا کہ کالاباغ کی مخالفت میں ملک کی تین اکائیوں کی صوبائی اسمبلیوں کی متفقہ قراردادیں موجود ہیں۔ انھوں نے اس ایشو کو زندہ کرنا تینوں صوبائی اسمبلیوں کی قراردوں کی توہین کے مترادف عمل قرار دیا۔اجلاس نے مائن اینڈ منرل ایکٹ کے حوالے سپیکر صوبائی اسمبلی کیطرف سے پی ٹی آئی کے بانی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرنے کے اقدام کی مزمت کی اور کہا کہ صوبے کے مفادات کو ایک خاص شخص سے جوڑنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔انھوں نے کہا کہ واضح رہے کہ قومی وطن پارٹی کی قیادت نے پہلے ہی اس ایکٹ کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر مجوزہ مائنز اینڈ منرلز بل 2025 صوبائی اسمبلی سے پاس کیا گیا توان کی جماعت عدالت سے رجوع کرنے کے ساتھ ساتھ اس اقدام کی ہر محاذ پرپوری قوت کے ساتھ مخالف کرے گی کیونکہ یہ مجوزہ قانون خیبر پختونخواکو اپنے معدنی وسائل سے محروم کرنے کی مزموم سازش ہے۔