قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ فلاحی ریاست بنانے کے دعوے کرنے والوں نے اپنے اقدامات سے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ریلیف دینے کی بجائے ملک و قوم کوبے تحاشہ قرضوں اور ہوشربا مہنگائی کی نظر کردیا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل شوڈاگ میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرپی ٹی آئی کے کارکنوں امیر زمان خان، محمد آمین خان،ناصر خان،ربنواز خان،اعظم،معاذ اللہ،مکمل شاہ،جمیل شاہ،داؤد،احسان اللہ،حمید خان،بلال خان،حلال خان،میاں فراز خان،عرفان،عدنان،یاسین،ذاکر خان،مشتاق خان،یاسر خان،سجاد خان،اعجاز خان،کابل شاہ،احتشام،عطاء اللہ،مزمل خان،مرسلین،محمد دیار،تاج محمد،شاجہان،طاؤس خان،اکرام خان،گل قادر،عمر خان،فضل آمین اور آصف خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی قرضے لینے تک محدود ہے،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں،ملک داخلہ اور خارجی خلفشار کا شکار ہے۔انھوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی اور عوام کی خوشحالی کا حصول محض دعوؤں سے ممکن نہیں بلکہ اس کیلئے مسمم ارادے اور ٹھوس حکمت عملی کی ضرورت ہے جو پی ٹی آئی کی قیادت کے پاس نہیں۔انھوں نے کہا کہ عوام مہنگائی،ٹیکسوں اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں روزمرہ اضافہ سے عاجز آچکے ہیں اور ان کی قوت خرید شدید متاثر ہوئی ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی گزشتہ دوسال کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے جس کی بنیادی وجہ حکمرانوں کی ناتجربہ کاری اور عوام کے بنیادی مسائل کا ادراک نہ ہو نا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت کے حیلے بہانوں سے عیاں ہو چکا ہے کہ وہ اپنے انتخابی وعدے نبھانے میں ناکام ہے اور ثابت ہوا کہ انھوں نے تبدیلی کا نعرہ اقتدار کے حصول کیلئے لگایا تھا۔ قرضے نہ لینے کے بلند و بانگ دعوے کرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ریکارڈ قرضے لینے کے باوجود اب بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے سامنے کچکول پھیلایا ہواہے جس سے ملکی معیشت اورعوام کی حالت زار پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہو گئی اور ہر طبقہ کے لوگ مہنگائی اور بے روزگاری سے متاثر ہو رہے ہیں۔