قومی وطن پارٹی اپر و لوئر کوہستان کا اجلاس وطن کور پشاور میں زیر صدارت صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ منعقد ہوا جس میں دونوں اضلاع کے چیئرمین و جنرل سیکرٹریز اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری احمد نواز خان جدون،صوبائی سینئر وائس چیئرمین طارق احمد خان اور صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل بھی موجود تھے۔اجلاس میں بلدیات کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کیلئے تیاریوں کے حوالے گفت و شنید کی گئی اور اس کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیدیا گیا۔مقررین نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں اور اس میں تمام سطحوں پرپارٹی امیدواروں کو کھڑا کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ کوہستان کے تینوں اضلاع قومی وطن پارٹی کا گڑھ بن چکے ہیں اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی بھرپورقوت کے طور پر سامنے آئے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیرپاؤ نے ضلعی عہدیداروں کو مختلف ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے اس سلسلے میں مختلف کمیٹیاں اور پارلیمانی بورڈ تشکیل دیدیا۔انھوں نے کہا کہ عوام حکمرانوں کی کارکردگی سے مایوس ہیں اور ان کی نظریں قومی وطن پارٹی پر لگی ہوئی ہے لہٰذا پارٹی عہدیدار و کارکن عوام کے ساتھ اپنا رابطہ مضبوط بنا کر ان کے مسائل و مشکلات کواجاگر کرنے کیلئے اپناموثرکردار ادا کرے۔انھوں نے بلدیاتی کے دوسرے مرحلہ کے انتخابات سے قبل 16اضلاع کے ڈی سیز کی تبدیلی کو معنی خیزقرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اس معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔انھوں نے کہا کہ حکمران تمام محاذوں پر ناکام ہو چکے ہیں اوران کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ان کی مشکلات میں حد درجے اضافہ ہو چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ خورد و نوش کی اشیاء عوام کی پہنچ سے دور چلی گئی ہے،بجلی،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا۔انھوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو مسائل کے دلدل میں دھکیل دیا ہے اور آئی ایم ایف سے بھاری سود پر قرضے حاصل کر نے کے باوجود ملکی معیشت کی بہتری کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔اانھوں نے کہا کہ عوام اس حکومت اورحکمرانوں سے بیزار ہو چکے ہیں اور ان سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ جاری مہنگائی کے تناظر میں عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے اور لوگ دو وقت کی روٹی کیلئے ترس گئے ہیں۔ اجلاس سے اپر کوہستان کے چیئرمین رحیم اللہ خان،جنرل سیکرٹری احمد شاہ خان اور لوئر کوہستان کے چیئرمین شہداد خان نے بھی خطاب کیا۔