قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ پشاور سٹی میں دومقتول سکھ تاجروں کے خاندانوں سے ہمدردی کیلئے مقتولین کی رہائش گاہ پر گئے جہاں پر انھوں نے غم زدہ خاندانوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سکھ تاجروں کی دن دیہاڑے قتل کا المناک واقعہ پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے اور اس واقعہ پراقلیتی برادری میں میں شدید بے چینی پھیل چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کو ٹارگٹ کرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں اس سے قبل بھی کئی ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں لہٰذا اس سلسلے میں صوبائی حکومت کوغفلت کا مظاہرہ کرنے کی بجائے اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہیے۔انھوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سکھ تاجروں کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین سید فیاض علی شاہ اور سٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے پارٹی عہدیدار اور کارکن بھی موجود تھے۔