خواتین کے عالمی دن کے مناسبت سے وطن کور پشاور میں قومی وطن پارٹی کی صوبائی وائس چیئرمین ڈاکٹر فائزہ رشید کی صدارت میں ایک تقریب منعقد ہوئی قومی وطن پارٹی کے چیئر مین سکندر حیات خان شیر پاؤ بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سکندر شیر پاؤ نے کہا کہ خواتین کو ان کے حقوق دینے کے لئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کا اختیار ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صنفی امتیاز کے خاتمے کے لئے اقدامات اٹھانے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لئے متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کرانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔سکندر شیر پاؤ نے کہا کہ ان کی جماعت خواتین کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔انہوں نے خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور اس ضمن ان واقعات کے روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے خواتین مقررین نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کو روکنے کیلئے معاشرتی رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خواتین کو صحت،تعلیم اور روزگار کے مواقعے پیدا کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے لہٰذا ان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین طارق احمد خان،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل،صوبائی جائنٹ سیکرٹری تانیہ گل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔