نوشہرہ: دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ہونے والے خودکش حملے میں معروف مذہبی اسکالر مولانا حامد الحق کی شہادت پر شدید افسوس اور غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس افسوسناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب خان شیرپاؤ نے کہا کہ یہ ایک المناک سانحہ اور غیر انسانی فعل ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ معصوم افراد کو نشانہ بنانا ایک گھناؤنا جرم ہے، اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں وہ کافی عرصے سے خبردار کر رہے تھے، مگر بدقسمتی سے صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے اس مسئلے کو اپنی ترجیحات میں شامل نہیں کیا، جس کا خمیازہ آج قوم کو ایک اور سانحے کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

آفتاب شیرپاؤ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر سیکیورٹی صورتحال پر توجہ دے اور ایسے واقعات کے سدباب کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ صوبے میں امن و امان بحال ہو سکے۔