پشاور( ) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤنے ملک میں سیاسی بے چینی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کسی بھی غیر آئینی اور غیرجمہوری اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں پارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی حالت پرسیر حاصل بحث کی گئی۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ سیاسی مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنا چاہیے۔انھوں نے پی ٹی آئی کی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ صوبے کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے حقوق کے حصول کیلئے سنجیدہ نہیں اورپی ٹی آئی نے اپنے سیاسی مقاصد کیلئے پختونوں کااستعمال کیا جس سے صوبے کے عوام کا تشخص مجروح ہوا۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کسی بھی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔انھوں نے صوبائی حکومت سے کہا کہ صوبے میں امن وامان کے قیام کیلئے کردار ادا کرے۔انھوں نے ضلع کرم میں جاری خونریزی پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 100سے زیادہ افراد فسادات کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔انھوں نے کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاڑا چنار میں راستوں کی بندش کی وجہ سے اشیائے خورد و نوش اورادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت پانچ دسمبر کو ہونے والی آل پارٹی کانفرنس میں صوبے کے حقوق اور امن و امان کی خاطرشرکت کرے گی۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے حالیہ اسلام آباد احتجاج کیلئے صوبے کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا۔انھوں نے احتجاج کے دوران دونوں طرف سے ہونے والی اموات پرافسوس کا اظہار کیا اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کااظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت طاقت کے بے دریغ استعمال کی مزمت کرتی ہے۔